میدنی نگر:13 /اپریل(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) پلامو لوک سبھا علاقے کے سابق ایم پی جوراور رام جیل میں رہ کر الیکشن لڑ رہے ہیں۔جوراور رام 1989 میں جنتا دل کے ٹکٹ پر اس پارلیمانی حلقہ سے الیکشن جیت چکے ہیں۔اس بار نامزدگی شروع ہونے کے دوسرے دن عدالت نے ایک مجرمانہ معاملے میں انہیں جیل بھیجا تھا،وہ فی الحال جیل میں بند ہیں اور جیل میں ہی رہ کر انہوں نے کاغذات نامزدگی داخل کیا ہے۔سرکاری معلومات کے مطابق رام زمین تنازعہ کو لے کر ہوئی مارپیٹ کے ایک معاملے میں ملزم تھے اور ضمانت پر رہا تھے مگر ان کی ضمانت کو عدالت نے منسوخ کر دیا تھا۔معاملہ سال 2011 میں چین پور تھانہ میں درج تھا۔معلومات کے مطابق اسی معاملے میں رام نے دیپک کمار کی عدالت میں گذشتہ دو اپریل کو ہتھیار ڈال کر ضمانت کی فریاد کی تھی، جسے عدالت نے مسترد کر دیا تھا اور انہیں جیل بھیج دیا۔اس لوک سبھا علاقے میں اہم مقابلہ بی جے پی کے سبکدوش ہونے والے لیڈر بی ڈی رام اور اتحاد کے امیدوار کے درمیان ہونے کا امکان ہے۔